کمٹہ:25؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) شہر کے ہونماؤں مندر کے قریب رہائشی علاقے سے گزرنے والی قومی شاہراہ پر گیس ٹینکر الٹ جانے اور ٹینکر سے معمولی مقدار میں گیس کا رساؤہونے سےلوگ خوف زدہ ہوکربھاگنے کا واقعہ منگل کو پیش آیا ہے۔
منگلورو سے بیلگام کے لئے روانہ گیس ٹینکر کا کمٹہ میں ڈرائیور کے ہاتھوں توازن بگڑ گیا جس کے نتیجے میں ٹینکر لاری سے الگ ہوکر راستے کنارےپلٹ گیا ۔ پلٹنے کے دوران ٹینکرکو نقصان پہنچا اور ٹینکر کے پیچھے والے حصے میں نصب شدہ گیج والو ڈھیلا ہوگیا جس سے گیس نکلنے لگی ۔ جیسے ہی گیس رساؤ کی خبر پھیلی لوگ اپنے گھروں سےنکل کر دور بھاگنےلگے۔ حادثے کی اطلاع پاتے ہی جائے وقوع پر پہنچا فائر برگیڈ کا عملہ ،متعلقہ والو کوایم سیل کے ذریعے بند کردیا تو گیس کا رساؤ بند ہوگیا۔ عین وقت پر پہنچی پولس نے جائے و قوع کے دونوں طرف قریب ایک کلو میٹر کی دوری پر قومی شاہراہ بند کردی تھی اور سواریوں کو متبادل روڈ کے ذریعے گبس سرکل سے سداپور اور چنداور سڑک کے ذریعے قومی شاہراہ سے جوڑ دیا تھا۔شاہراہ پر ٹرافک بند کئےجانےسے شاہراہ کے دونوں کناروں پر سواریوں کی لمبی قطار نظر آئی۔ اور پولس نے رہائشی علاقوں میں گھروں میں آگ نہ لگانے کا اعلان کیا۔ اسی طرح گیس ٹینکر کا معاملہ حل ہونے تک عوام کو محفوظ مقام پرمنتقل کردیا۔
پلٹی ہوئی گیس ٹینکر کواُٹھا کر ٹھیک کرنا ہے اور ٹینکر سے گیس نکالناضروری ہے۔ جس کے لئے منگلورو سے ٹکنیکل عملہ اور سواری پہنچنے کے بعد گیس نکالنےکی کارروائی شروع ہوگی ، جس کے لئے قریب 6سے 7گھنٹے درکار ہیں تو رات دیر تک بھی قومی شاہراہ پر ٹرافک بند رکھی جانے کے امکانات ہیں اور سواریوں کو متبادل راستے سے نکالا جارہاہے۔ کمٹہ اے سی ، تحصیلدار، ڈی وائی ایس پی اور پی ایس آئی ودیگر عملہ جائے وقوع پر موجود تھا۔